فیروزوالا تصادم میں زخمی کارکن دم توڑ گیا، کالعدم تنظیم کے 2500 ورکرز عہدیداروں کیخلاف مقدمہ درج

October 26, 2021

شیخوپورہ (نمائندہ جنگ )شیخوپورہ کی تحصیل فیروزوالامیں جی ٹی روڈ رانا ٹائون کے مقام پر تین روز قبل پولیس اور کالعدم تنظیم کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں زخمی ہونے والا کالعدم تنظیم کا کارکن اویس سلیم دم توڑ گیا۔اویس سلیم لاہور کے علاقہ حسین پارک بادامی باغ کا رہائشی تھا۔اسےجائے تصادم سےزخمی حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا گیا تھا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ دریں اثناء تھانہ فیروزوالا پولیس نے فیروزوالا میں ہونیوالے تصادم کا مقدمہ کالعدم تنظیم کے 2500 کارکنوں اور عہدیداروں کے خلاف درج کرلیا ہے جس میں 302 / 324 / 395 / 353 / 341 / 342 / 440 / 505 / 290 / 186 / 188 / 152 / 143 / 144 / 145 / 147 / 148 / 149 / تعزیرات پاکستان کے علاوہ 121 / اے اور 120 / بی ت پ پاکستان سے غداری کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں ۔ان دفعات کے علاوہ کالعدم جماعت کے کارکنوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 6 / 7 بھی لگائی گئی ہے جبکہ 504 ت پ کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق 121 / اے اور 120 / بی کی دفعات میں پاکستان سے غداری کا جرم ثابت ہو جانے کی صورت میں ملزم کو سزائے موت بھی ہوسکتی ہے۔ یہ مقدمہ تصادم کے دوران شدید زخمی ہو جانے والے ایس ایچ او تھانہ فیروزوالا سب انسپکٹر عامر محبوب کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔