شاہین آفریدی کو بھارت کیخلاف کارکردگی نے اسٹار بنا دیا

October 26, 2021

دبئی (اے ایف پی ) ٹی 20 ورلڈکپ کے اپنے پہلے میچ میں بھارت کے ابتدائی تین بیٹرز کو آئوٹ کرنے والے چھ فٹ چھ انچ کے طویل قامت شاہین شاہ آفریدی پاکستان کے لیفٹ آرم فاسٹ بولرز میں زبردست اضافہ ہیں۔ وسیم اکرم کے بعد محمد عامر اور اب اٹیک کی ذمہ داری ان کے پاس ہے، اس دوران وہاب ریاض اور محمد عرفان جیسے پیسرز بھی گذشتہ چند برس کے دوران منظر عام پر آئے۔ لیکن اتوار کو بھارت کے خلاف کارکردگی نے انہیں نئے اسٹار کےطور پر شناخت بنانے میں مدد دی۔ غیرملکی خبررساں ادارے نے 21سالہ شاہین کی تعریف میں لکھا ہے کہ وہ اپنے ملک کے وائٹ بال اسٹار شاہد آفریدی کے نام سے مماثلت اور ان کی 10 نمبر کی جرسی کے باوجود کسی دبائو میں نہیں، انہوں زبردست بولنگ اسپیل سے بھارتی امیدوں کو تباہ کردیا۔ چار اوورز میں 31 رنز کے عوض تین وکٹوں کی کارکردگی نے پاکستان کی ورلڈکپ میچز میں بھارت سے نہ جیتنے کی روایت توڑنے میں مدد دی۔