50کلوگرام چرس سمگل کرنے کے الزام میں عمرقید کی سزا پانے والے ملزم کی اپیل منظور

October 26, 2021

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاورہائیکورٹ نے ٹرک کے ذریعے 50کلوگرام چرس سمگل کرنے کے الزام میں عمرقید کی سزا پانے والے ملزم کی اپیل منظور کرتے ہوئے اسکی عمر قید کی سزا کالعدم قراردے دی۔ جسٹس لعل جان خٹک اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل دورکنی بنچ نے ملزم اکرام کی اپیل پر سماعت کی۔ ملزم کی جانب سے فرحانہ مروت ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اکرام سکنہ میاں ولی پر الزام ہے کہ وہ ٹرک کے ذریعے 50کلوگرام چرس سمگل کرنے کی کوشش کررہا تھا جسے بنوں میں ایکسائز پولیس نے گرفتار کرکے اسکے خلاف مقدمہ درج کیا۔ جرم ثابت ہونے پر ٹرائل کورٹ نے ملزم کو عمرقید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی۔ دوران سماعت ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایف ایس ایل رپورٹ میں8دن کی تاخیر کی گئی جبکہ استغاثہ کے بیانات اور شواہد میں بھی تضادپایاجاتالہذاانہوں نے ملزم کو بری کرنیکی استدعا کی۔ دورکنی بنچ نے دلائل مکمل ہونے پر ملزم کی سزا کالعدم قراردیتے ہوئے اسے بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔