اسرائیل مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نئی تعمیرات سے باز رہے ،یورپی یونین

October 27, 2021

برسلز( حافظ انیب راشد ) یورپین یونین نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نئی تعمیرات کیلئے ٹینڈر جاری کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ ان تعمیرات کو کرنے سے باز رہے۔ اس حوالے سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں یورپین یونین کے ترجمان نے کہا کہ اتوار کے روز اسرائیلی حکام نے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی بستیوں میں 1300 سو سے زائد ہائوسنگ یونٹس کی تعمیر اور مشرقی یروشلم میں گیوات حماتوس میں مزید 83 یونٹس کی تعمیر کیلئے ایک اور ٹینڈر کی اشاعت کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت یہ تمام چیزیں غیر قانونی ہیں اور یہ دو ریاستی حل اور فریقین کے درمیان منصفانہ ، دیر پا اور جامع امن کے حصول میں ایک بڑی رکاوٹ ہیں۔ اعلامیے میں اسرائیل سے کہا گیا ہے کہ یورپین یونین نے ہمیشہ اور مسلسل اس بات کو واضح کیا ہے کہ وہ 1967 سے پہلے کی سرحدوں کو تسلیم نہیں کرے گا بشمول یروشلم کے۔ اس موقع پر یورپین یونین نے اسرائیل کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان بستیوں کی تعمیر سے باز رہے۔