• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلادیش: خالدہ ضیاء اور ان کے بیٹے کے 5 نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع

فوٹو: بنگلادیشی میڈیا
فوٹو: بنگلادیشی میڈیا 

بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیاء اور پارٹی کے قائم مقام چیئرمین طارق رحمان نے 13ویں قومی پارلیمانی انتخابات کے لیے مجموعی طور پر پانچ نشستوں پر اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔

بنگلادیش میں فروری 2026 میں شیڈول انتخابات کے لیے پیر کو کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کے آخری دن یہ فارم متعلقہ ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر میں ان کی جانب سے جمع کروائے گئے۔

طارق رحمان کے دو حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے، جن میں ایک ڈھاکا-17 حلقے کے لیے ان کے کاغذات  جمع کروائے گئے اور دوسرے ان کے آبائی حلقے بوگرا-6  سے بھی الیکشن لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں۔

بی این پی کی چیئر پرسن خالدہ ضیاء نے تین حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں، فینی-1 حلقے کے لیے ان کے کاغذات بی این پی کے نائب چیئرمین الیکشن کوآرڈینیٹر منشی رفیق الاسلام نے جمع کروائے، خالدہ ضیاء کی علالت کے باعث متبادل امیدوار بھی تیار رکھا گیا ہے۔

خالدہ ضیاء کے بوگرا-7 (گبتولی–شاہجہان پور) حلقے کے لیے کاغذات ان کے مشیر ہلال الزماں نے جمع کروائے۔ ان کے مطابق، خالدہ ضیاء اس وقت  علالت کے باعث اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، تاہم انہوں نے خود کاغذاتِ نامزدگی پر دستخط کیے ہیں۔

اس موقع پر بیگم خالدہ ضیاء کی نمائندگی بی این پی کے مقامی رہنماؤں نے کی، ہلال الزمان نے کہا کہ بوگرا-7 کا حلقہ بی این پی کے لیے تاریخی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اسی حلقے میں بی این پی کے بانی ضیاء الرحمان کی رہائش گاہ واقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بیگم خالدہ ضیاء نے پہلی مرتبہ 1991 کے قومی پارلیمانی انتخابات میں اسی حلقے سے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ 1996 اور 2001 کے انتخابات میں بھی وہ یہاں سے منتخب ہوئیں۔

اس کے علاوہ خالدہ ضیاء کے دیناج پور-3 (صدر) حلقے کے لیے کاغذات بی این پی کے ایگزیکٹو ممبر سید جہانگیر عالم نے سہ پہر کے وقت ضلعی ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں جمع کروائے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید