کشمیریوں کی جدوجہد کو دبایا نہیں جاسکتا، شاہ محمود قریشی

October 27, 2021

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد کو دبایا نہیں جاسکا، کشمیری بہادری کے ساتھ بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔

کشمیریوں کے یوم سیاہ پر پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیریوں کے لئے ایک تاریک دن کی حیثیت رکھتا ہے۔

وزیرخارجہ نے بتایا کہ آج کے دن بھارت نے غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر پر قبضہ کیا، کشمیری بہادری کے ساتھ بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، کشمیری عوام کی امیدیں ایک دن ضرور پوری ہوں گی۔

واضح رہے کہ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں، مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔