ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کا نوٹیفکیشن

October 28, 2021

تین ہفتے کے طویل سوچ بچار اور ملک بھر میں پھیلنے والی غیرضروری قیاس آرائیوں کے ناگوار مراحل سے گزرنے کے بعد بالآخر ملک کی اہم ترین انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن منگل کو جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے اعلان کے مطابق کمانڈ اسٹاف اور انسٹرکشنل اسائنمنٹس کا متنوع اور وسیع تجربہ رکھنے والے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کیا گیا ہے۔ وزارت دفاع کی سمری میں تین جرنیلوں کے نام بھیجے گئے تھے۔ وزیراعظم نے ان کے انٹرویو کئے اور چیف آف آرمی اسٹاف سے مشاورت کے حتمی دور کے بعد کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کے نام کی منظوری دے دی جس کے نوٹی فیکیشن کا اطلاق 20نومبر 2021سے ہوگا جبکہ ان کے پیش رو لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19نومبر تک ڈی جی آئی ایس آئی کے منصب پر فائز رہیں گے۔ آئی ایس آئی جسے پوری دنیا کی چند بہترین انٹیلی جنس ایجنسیوں میں شمار کیا جاتا ہے کے نئے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم ملک کی مغربی سرحد اور ایل او سی کی کمان کے علاوہ بلوچستان میں بھی طویل خدمات کا تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کی تعیناتی کا نوٹی فیکیشن آئی ایس پی آر کے اعلان کے 20روز بعد جاری کیا گیا۔ سرکاری حلقوں نے اس کی وجہ یہ بتائی تھی کہ ان کی تعیناتی طے شدہ طریقہ کار کے مطابق نہیں ہوئی چنانچہ معاملے کو حتمی نتیجے تک پہنچانے سے پہلے وزیراعظم اور آرمی چیف کی طویل ملاقاتیں ہوئیں۔ اگرچہ یہ بھی واضح کر دیا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان افغان صورتحال کی وجہ سے جنرل فیض حمید کو مزید کچھ عرصہ اپنے عہدے پر برقرار رکھنا چاہتے ہیں مگر حتمی فیصلے میں غیر معمولی تاخیر سے بے یقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی اور سیاسی اور میڈیا کے حلقوں میں سوالات اٹھائے جانے لگے اب جبکہ یہ مسئلہ ضابطہ کار کے مطابق حل ہو گیا ہے تو اس پر غیر ضروری بحث اور قیاس آرائیاں ختم ہو جانی چاہئیں۔