حارث رؤف، آصف علی پاکستان کے نئے فتح گر، کارکردگی سے خوش، سلیکشن پر تنقید کا جواب دیدیا

October 28, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کا تیسرا میچ جمعے کو ابوظبی میں افغانستان کے خلاف ہوگا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلنے والےگیارہ کھلاڑیوں نے بدھ کو آرام کیا۔ ٹریننگ میں مجموعی طور پر 7 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔قبل ازیں آصف علی اور حارث رئوف پاکستان کیلئے نئے فتح گر بن کر سامنے آئے۔ دونوں اپنی کارکردگی سے خوش ہیں۔ آصف علی جن کی سلیکشن پر تنقید ہورہی تھی انہوں نے12 گیندوں پر27رنز کی دھواں دار اننگز تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے کھیلی اور ٹیم کو جیت دلوادی۔ آصف علی کہتے ہیں کہ کریز پر پہنچا تو شعیب ملک نے کہا آج تمہارا دن ہے۔ بیٹنگ کے لیے جاتے ہوئے یہی سوچ رہا تھا کہ میچ جیتنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سامنے کھیلنا، کہیں اور شاٹ نہ مارنا۔ جب گیند سر پر لگا تو ہمت نہیں ہاری اور یہ ہی سوچ رہا تھا کہ میچ جیت کر ہی باہر جانا ہے اور الحمد اللہ میچ جیت کر باہر آیا۔ حارث رؤف نے اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 22 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا۔ انہوں نےٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹیم کی وِننگ سیلفی شیئر کی۔ انہوں نے کہا کہ اہم میچ میں مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے پرخوش اور فخر محسوس کررہا ہوں۔ بہت دیرسے اپنی پرفارمنس سے پاکستان کو میچ جتوانے کا منتظر تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف شاہین آفریدی نے اچھی بولنگ کی اور ان کا ساتھ دوسرے بولرز نے دیا۔ دوسرے میچ میں میرے ساتھ دوسرے بولرز کی پارٹنرشپ رہی ۔ شاہین آفریدی اورمیری پرفارمنس اب تک اچھی رہی اگلے میچزمیں کوئی اور اچھا پرفارم کرسکتا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دو تین ہی کھلاڑی ہی پرفارم کرکے میچ جتوا دیتے ہیں۔