ٹیکنالوجی نے دنیا کو گلوبل ویلج میں تبدیل کر دیا ہے ،عاطف خان

October 28, 2021

پشاور ( جنگ نیوز )خیبرپختونخوا کے وزیر برائے سائنس ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی اور خوراک عاطف خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی میں آئی ٹی کے شعبے کو فروغ دینے کی بڑی صلاحیت ہے اور دونوں ممالک باہمی تعاون سے اس شعبے میں ایک دوسرے کی مہارت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکی کے شہر استنبول میں منعقدہ ’’پاکستان ٹیک سمٹ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دو روزہ تقریب میں ترکی کے شہر استنبول کی صباحتین زیم یونیورسٹی (Istanbul Sabahattin Zaim University) میں 200 سے زائد کاروباری افراد، ٹیکنالوجی کے ماہرین اور سیکٹر لیڈرز نے شرکت کی۔عاطف خان نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے پوری دنیا کو گلوبل ویلج میں تبدیل کر دیا ہے اب وقت کا تقاضا ہے کہ دونوں دوست ممالک باہمی تعاون سے نوجوانوں کو ہنر مند اور تربیت یافتہ بناتے ہوئے بین الاقوامی مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کے لیے انہیں بے شمار مواقع فراہم کرنے کی کاوشیں کریں اس موقع پر عاطف خان کا کہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں گزشتہ سال پاکستانی برآمدات میں 47 فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی تقریباً 30 سال سے کم عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے اور حکومت پاکستان نے ان کی صلاحیتوں کو ملک کی ترقی اور عوام کے بہتر مفاد میں استعمال کرنے کیلئے حکمت عملی اپنانے پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔صوبائی وزیر نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور دونوں برادر ممالک کے فائدے کے لیے اس شعبے میں تعاون پر بھی زور دیا۔دریں اثنا عاطف خان نے ترک معارف فاؤنڈیشن(Turkish Maarif Foundation) کے صدر ڈاکٹر بیرول اکگن (Dr Birol Akgün)سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی اور تعاون کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔