• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا بھر میں مقیم اوورسیز پاکستانیز ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، سفیر پاکستان عبدالحمید

جاپان میں پاکستان کے سفیر عبدالحمید نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مقیم اوورسیز پاکستانیز ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جو دیار غیر میں اپنے کردار اور محنت کے ذریعے وطن کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کی جانب سے 21 رمضان المبارک کے موقع پر ٹوکیو میں پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں دیے گئے خصوصی افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

تقریب میں جاپان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کمیونٹی کے معزز اور سینئر افراد نے شرکت کی۔

سفیر پاکستان نے رمضان المبارک کی آمد پر کمیونٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس مہینہ صبر، برداشت، ایثار اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی نہایت ضروری ہے تاکہ وہ ایک مضبوط کمیونٹی کے طور پر پاکستان کا مثبت تاثر پیش کرتے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ جاپان میں پاکستانی کمیونٹی ہمیشہ دونوں ملکوں کے درمیان خیر سگالی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔ سفیر پاکستان نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ٹوکیو میں پاکستانی سفارت خانہ کمیونٹی کے مسائل کے حل اور ان کے ساتھ مؤثر رابطے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

تقریب میں پیپلز پارٹی جاپان کے صدر شاہد مجید، اوور سیز پاکستانی فاونڈیشن کے بورڈ آف گورنر چوہدری آصف محمود، سینئر پاکستانی رمضان صدیق، عبدالحمید ساجو، شہر یار سندھو، چوہدری اکرام، ملک سلیم (فوکوشیما)، لالا شفاقت خان، امین کزانی، عتیق خان، الحاج فواد، قاری علی حسن، شیخ تنویر، شکیل، انیس خان اور احتشام الحق سمیت دیگر افراد شریک ہوئے۔

افطار کے بعد نمازِ مغرب ادا کی گئی جبکہ شرکا نے اس موقع پر باہمی ملاقاتوں اور گفتگو کے ذریعے بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

قومی خبریں سے مزید