عدنان صدیقی کا بھارتی مداحوں کیلئے خصوصی پیغام

October 28, 2021

سینئر پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ میں پاکستان کی بھارت کیخلاف تاریخی فتح پر آگ بگولا ہونے والے بھارتی مداحوں کو خصوصی پیغام دیا ہے۔

عدنان صدیقی نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر اپنے ایسے بھارتی مداحوں کے لیے خصوصی ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کی پاکستان سے شکست کو برداشت نہیں کرسکے۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں خصوصی طور پر اپنے بھارتی مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان اور بھارت کا میچ ہوا اور پاکستان جیت گیا اور بہت خوب جیتا جس پر بہت سے بھارتی مداحوں نے تعریف کی لیکن بہت سے لوگ ایسے تھے جنہوں نے گالیاں دیں۔‘


انہوں مزید کہا کہ ’ایسے لوگ کم تھے مگر گالیاں دیں تو کسی کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ کوئی ان کے انسٹا پیج پر آکر انہیں، ان کے ملک یا ان کے کھلاڑیوں کو برا کہے۔‘

اداکار نے مزید کہا کہ ’براہِ کرم! ان کے اس پیغام کو غلط مت سمجھیں، وہ یہ بات سب کے لیے نہیں کہہ رہے ہیں صرف کچھ لوگوں کے لیے کہہ رہے ہیں اور انہیں پتہ ہے کہ وہ یہ بات کن لوگوں کے لیے کہہ رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’وہ یہ بات انہیں لوگوں کے لیے کہہ رہے ہیں جنہوں نے ان کے پیج پر آکر انہیں برا کہا۔‘

عدنان صدیقی نے اپنے ویڈیو پیغام کا مقصد واضح کرتے ہوئے کہا کہ ’ہار جیت ہوتی رہتی ہے اور آپ کی بھارت ٹیم ہماری ٹیم سے بہتر ہے، وہ خود بھارتی کپتان ویرات کوہلی، روہیت شرما اور بومرہ بلکہ جتنے بھی آپ کے کھلاڑی ہیں ان سب کے مداح ہیں۔‘

اپنے ویڈیو پیغام کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ ’اگر آپ آکر پیج پر اس قسم کی باتیں کریں گے تو آپ کے ملک کا دوسروں پر کیا تاثر قائم ہوگا، آپ اپنے ملک کے سفارت کار ہیں آپ آرام سے ایک دوسرے سے تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے بحث کریں یا بات کریں، کوئی بات نہیں یار ایسا ہوتا رہتا ہے، پاکستان نے تو کبھی آپ کے میمز بنانے پر کبھی کچھ برا نہیں کہا۔ ‘