کالعدم تنظیم کے باعث راولپنڈی میں غیر یقینی صورت حال

October 28, 2021

کالعدم تنظیم کے باعث راولپنڈی میں غیر یقینی صورت حال ہوگئی، راولپنڈی میں مری روڈ کے ارد گرد کے کاروباری مراکز اور بیشتر تعلیمی ادارے بند ہیں۔

فیض آباد انٹرچینج سے مریڑ چوک صدر تک مری روڈ دونوں اطراف کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی۔

چاندنی چوک سے فیض آباد تک مری روڈ سیل، فیض آباد سے سکتھ روڈ تک پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

راولپنڈی میں میٹروبس سروس صدر سے فیض آباد تک بند ہے، راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والی بیشتر مرکزی شاہراہیں سیل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

جڑواں شہروں میں نوکری پیشہ، دیہاڑی دار مزدور رُل گئے، راستوں کی بندش کے باعث مسافر پیدل سفر پر مجبور ہیں، مریضوں کا اسپتال جانا مشکل ہوگیا۔