کالعدم تنظیم کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ وزارت داخلہ کے زیرِ اہتمام تنظیم اور حکومت کے مذاکرات جاری ہیں، جس میں کالعدم تنظیم کے سربراہ سعد رضوی سمیت کئی مرکزی رہنما شریک ہیں۔
ترجمان ٹی ایل پی کا کہنا ہے کہ مذاکرات وزارت داخلہ کے زیر اہتمام ہورہے ہیں جس میں سربراہ تحریک لبیک سعد رضوی اور مفتی عمیر الازہری بھی شریک ہیں۔
ٹی ایل پی کے ترجمان کے مطابق حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے والے وفد میں علامہ غلام عباس فیضی بھی شامل ہیں۔
کالعدم تنظیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان اپنے مطالبات پر قائم ہے، مذاکرات میں اپنے مطالبات پیش کریں گے، ہمارا پہلے دن سے ایک ہی مطالبہ تھا کہ فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔
واضح رہے کہ کالعدم جماعت کی غیرقانونی سرگرمیوں سے پیدا صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق دیگر امور بھی زیر غور آئیں گے۔