سشانت سنگھ کیس میں تحقیقات کیلئےگوگل اور فیس بک سے رابطے کا فیصلہ

November 08, 2021

معروف بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے کیس میں مزید تحقیقات کے لیے بھارتی ایجنسی سی بی آئی نے گوگل اور فیس بک سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سی بی آئی نے اداکار سشانت سنگھ کے کیس میں جاری تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا ہے۔

سی بی آئی نے اداکار کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ڈیلیٹ کیے گئے ڈیٹا کو حاصل کرنے کے لیے گوگل اور فیس بک سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سی بی آئی ڈیلیٹ کیے گئے ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کے لیےفیس بک اور گوگل ہیڈ کوارٹر سے قانونی معاونت کے معاہدے کےتحت رابطہ کرے گی۔

دوسری جانب سشانت سنگھ کے اہلخانہ کے وکیل نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیےسی بی آئی نےاب مزید تحقیقات کے لیے فیس بک اور گوگل سے رابطہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ سشانت سنگھ کیس میں اب تک کسی کوئیحتمی نتیجہ سامنے نہیں آیاہے، جبکہ فارنزک رپورٹ میں سشانت کی موت کو خودکشی قرار دیا جاچکا ہے۔