• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سشانت کی بہن کی ایک بار پھر انصاف کی اپیل

گزشتہ سال خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے ایک بار پھر اپنے بھائی کے لیے انصاف کی اپیل کردی ہے۔

ٹوئٹر اور انسٹاگرام کا رُخ کرتے ہوئے شویتا سنگھ کیرتی نے اپنے بھائی کی یاد میں ایک جذباتی پیغام جاری کیا۔

شویتا سنگھ نے اپنے بھائی سشانت سنگھ راجپوت کی ایک یادگار تصویر شیئر کی جس میں وہ ہمیشہ کی طرح مُسکرا رہے ہیں۔

سشانت سنگھ کی بہن نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’تُم تھے، تُم ہو اور تُم ہمیشہ ہمارا فخر رہو گے۔‘

اداکار کی بہن نے مزید لکھا کہ ’دیکھو تم نے ہر دل میں کتنا پیار پیدا کیا ہے، وہ مسلسل تمہارے انصاف کے لیے لڑ رہے ہیں۔‘

ایک اور ٹوئٹ میں سشانت سنگھ کی بہن نے اپنی پرانی ویڈیو شیئر کی جس میں اُنہوں نے اپنے بھائی کی موت کی تحقیقات کے لیے سی بی آئی سے مطالبہ کیا تھا۔

انہوں نے اب دوبارہ یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’یہ ویڈیو بنائے ہوئے ایک سال ہو گیا ہے، سی بی آئی انکوائری  سشانت کی موت کے پیچھے کا سچ تلاش کرنے کی واحد اُمید تھی لیکن ابھی تک کوئی سچ سامنے نہیں آیا ہے اور ہم اتنے عرصے سے صبر کر رہے ہیں۔ُ

سشانت کی بہن نے سی بی آئی سے اپیل کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’ہم سی بی آئی سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ سچ سامنے لیکر آئیں۔‘

یاد رہے کہ 34 سالہ بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت گزشتہ سال 14 جون کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔

سشانت سنگھ کی خودکشی کے واقعے کی تحقیقات کے دوران پولیس کو ان کے گھر سے کچھ دستاویزات موصول ہوئے تھے جن کے مطابق سوشانت سنگھ ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے۔

تازہ ترین