• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی ٹریول بلاگر پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی عوام کو پُرسکون دیکھ کر حیران

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

امریکی ٹریول بلاگر ڈریو بنسکی پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی عوام کی بےفکری اور سکون دیکھ کر حیران رہ گئے۔

ڈریو بنسکی کا دورۂ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے دوران فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کی وجہ سے طویل ہوگیا تھا۔

اُنہوں نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پاکستان سے اپنی ایک ویڈیو شیئر کی۔

امریکی ٹریول بلاگر نے ویڈیو میں بتایا کہ میں اس وقت پاکستان میں پھنسا ہوا ہوں کیونکہ پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے پاکستان کے ایئرپورٹس بند ہوگئے ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ بہت سے لوگ میری خیریت دریافت کرنے کے لیے مجھے کالز اور میسجز کر رہے ہیں تو میں اُنہیں بتانا چاہتا ہوں کہ میں بالکل محفوظ ہوں۔

ڈریو بنسکی نے بتایا کہ میں اس وقت پاکستان کے شمالی علاقوں میں کشمیر کے قریب موجود ہوں اور یہ ایک ایسا خطہ جو پاک بھارت کشیدگی کے دوران میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنتا ہے۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ یہاں پر سڑکوں پر لوگ اپنے ملک کی سلامتی کے لیے کوشاں فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں نکال رہے ہیں۔

امریکی ٹریول بلاگر نے بتایا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ پاکستانی عوام اس کشیدہ صورتحال میں بھی بہت بے فکر اور پُرسکون نظر آ رہے ہیں، ہر کوئی اپنی زندگی معمول کے مطابق گزار رہا ہے، دکانیں کھلی ہیں، بچے اسکول جارہے ہیں بالکل ویسے ہی جیسے روزانہ جاتے ہیں۔

اُنہوں نے ویڈیو کے آخر میں کہا کہ میں بھی یہاں پر بالکل ٹھیک ہوں، شمالی علاقوں میں گھوم رہا ہوں اور اچھی اچھی ویڈیوز بنا رہا ہوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید