تحریک لبیک کے ساتھ سیاسی اور انتخابی اتحاد ہو سکتا ہے، علی امین گنڈا پور

November 08, 2021

وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک کے ساتھ سیاسی اور انتخابی اتحاد ہو سکتا ہے، حالات اور وقت دیکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔

جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ تحریک لبیک سے معاہدہ سب کی کامیابی ہے، مذاکرات کی کامیابی پر ٹی ایل پی، ریاست اور ہم سب مبارک باد کے مستحق ہیں۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ٹی ایل پی کو اب سیاسی جماعتوں جیسا کردار ادا کرنا چاہیے، تحریک لبیک پاکستان اب سیاسی جماعت بن گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کرپشن کے خلاف قوانین میں ترمیم کرنا لازمی ہوگیا ہے، قوانین میں ترامیم نہ کی گئی تو کرپشن ثابت کرنا ممکن نہیں ہے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ منی ٹریل کے بغیر اربوں روپے کا مالک کیسے ضمانت حاصل کر سکتا ہے۔