ٹی 20 ورلڈکپ، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ آج ابوظبی میں آمنے سامنے

November 10, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) 2019کے ورلڈ کپ کے فائنل کے850دن بعد انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بدھ کو شیخ زاید اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔ انگلینڈ2010میں یہ ٹورنامنٹ جیت چکی ہے اور 2016میں اسے فائنل میں ویسٹ انڈیز نے شکست دی تھی۔ 2019کے ورلڈ کپ کی تاریخ ساز جیت کے اہم کردار بین اسٹوکس اور جوفرا آرچرموجودہ ٹیم میں شامل نہیں ہیں جبکہ جیسن روئے اور ٹائمل ملز ان فٹ ہوکر ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔پچ فاسٹ بولنگ کو مدد دیتی ہے ۔ دونوں ٹیموں کو بہترین فاسٹ بولرزاور ماہر اسپنرز کی خدمات حاصل ہیں۔ ٹرینٹ بولٹ اور ٹم سائوتھی کا شمار نیوزی لینڈ کے صف اول کے فاسٹ بولروں میں ہوتا ہے ان کے پاس ایش سوڈھی اور سینٹنر جیسے میچ ونر اسپنرز موجود ہیں۔ اسی طرح انگلش بولنگ میں اسپنرز معین علی عادل راشد اماراتی پچوں پر میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں جبکہ فاسٹ بولنگ میں کر س ووکس، کرس جارڈن، مارک ووڈ بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔ امکان ہے کہ انگلینڈ کیلئے جیسن روئے کی جگہ جونی بیرسٹو اوپننگ کرینگے۔