خیبر پختون خوا میں 2025ء میں دہشت گردی کے واقعات کی سی ٹی ڈی کی رپورٹ سامنے آ گئی۔
رپورٹ کے مطابق صوبے میں 2025ء کے دوران دہشت گردی کے 1588 واقعات درج ہوئے، بنوں میں دہشت گردی کے سب سے زیادہ 394 واقعات ہوئے جبکہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کے 181 واقعات درج ہوئے۔
سی ٹی ڈی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختون خوا میں رواں سال سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 502 شہری شہید ہوئے، دسمبر کے پہلے ہفتے تک 137 پولیس اہلکار شہید، 236 زخمی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختون خوا میں رواں سال مختلف کارروائیوں میں 348 دہشت گرد مارے گئے، رواں سال 8 خودکش حملے ہوئے، صوبے کے 14 اضلاع میں فائرنگ کے 557 واقعات ہوئے۔
سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق رواں سال دہشت گردوں نے 68 دستی بم حملے کیے، دہشت گردوں نے 84 افراد کو اغواء کیا، بھتہ خوری کے 138 کیسز درج ہوئے، 4 ملزمان کو فورتھ شیڈول میں ڈالا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی نے رواں سال دہشت گردی کی فنڈنگ کے 30 کیسز درج کیے، دہشت گردوں نے 54 ڈرون حملے کیے، دہشت گردی کے واقعات میں 116 ٹارگٹ کلنگ کے کیسز رپورٹ ہوئے، جنوبی وزیرستان میں دہشت گردی کے 102 واقعات سامنے آئے۔