گلاسگو میں ماحولیات پر عالمی کانفرنس، اوباما کی غلطیوں پر شرکاء حیران

November 10, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) سابق امریکی صدر بارک اوباما نے ماحولیات کے موضوع پر اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں ہونے والی کانفرنس میں خطاب کے دوران غلطیاں کرکے شرکاء کو حیران کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، خطاب کے دوران انہوں نے شاعری میں آئرلینڈ کیلئے استعمال ہونے والے لفظ (ایمرلڈ آئلز) کو غلطی سے اسکاٹ لینڈ کیلئے استعمال کیا۔ اقوام متحدہ کے تحت ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے اسکاٹ لینڈ کے سب سے بڑے شہر گلاسگو میں ہونے والی کانفرنس کے دوران اوباما نے کہا، ’’چونکہ ہم آج یہاں ایمرلڈ آئلز میں جمع ہوئے ہیں ۔۔۔‘‘ یاد رہے کہ لفظ وسیع و عریض سبز میدانی علاقوں کی وجہ سے آئرلینڈ کو ایمرلڈ آئلز بھی کہا جاتا ہے اور یہ نام پہلی مرتبہ آئرش شاعر ولیم ڈرینن نے 1795ء میں اپنی ایک نظم میں استعمال کیا تھا۔ اس کے بعد یہ یہ اصطلاح اکثر و بیشتر استعمال کی جاتی ہے۔ سابق امریکی صدر صرف اسی غلطی پر نہیں رُکے۔ اس کے بعد انہوں نے ایک اور غلطی کر دی کہ انہوں نے انگریزی زبان کے معروف شاعر ولیم شیکسپیئر کا بھی حوالہ پیش کر دیا۔ شاید وہ یہ نہیں جانتے تھے اسکاٹ لینڈ کے پاس بھی شیکسپیئر کے ٹکر کا ایک مایہ ناز قومی شاعر موجود ہے جس کا نام رابرٹ برنز ہے۔ اپنے خطاب کے دوران، اوباما نے کمپنیوں کو خبردار کیا کہ اگر انہوں نے ماحولیات کی حمایت میں درست فریق کا ساتھ نہ دیا تو وہ اپنے صارفین سے اور ایئر لائن کمپنیاں اپنے ملازمین سے محروم ہو جائیں گی۔ سابق صدر نے ماحولیات کیلئے سرگرم کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ ’’اس معاملے پر ناراضی کا اظہار کرتے رہیں۔‘‘