پشاور، تاج آباد کے ہر گھر میں ڈینگی کے مریض

November 16, 2021

پشاور میں ڈینگی کے وار جاری ہیں، تاج آباد کے علاقے میں تقریباً ہر گھر میں ڈینگی مریض موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

شہریوں نے اسپرے نہ کرنے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی بار ڈینگی اسپرے کے لیے کال کی لیکن کوئی توجہ نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ اسپرے اگر ہوا بھی ہے تو اسے صرف ناظم اور کونسلر کے گھر تک محدود رکھا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق پشاور میں ڈینگی ٹیسٹ کی بھی من مانی فیس وصول کی جارہی ہے، ڈینگی ٹیسٹ کی فیس 150 روپے سے بڑھ کر 4، 5 سو روپے تک جا پہنچی ہے۔ اس کے علاوہ مارکیٹوں میں بخار کی گولی کی بھی قلت ہے۔

لاہور کے میڈیکل اسٹورز پر بخار کی گولی کی فراہمی کی صورتحال معمول پر آگئی ہے۔

چوبیس گھنٹوں میں ڈینگی کے 103 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 77 کا تعلق لاہور سے ہے جبکہ اسلام آباد میں مزید 12 شہری ڈینگی سے بیمار ہوئے ہیں۔