اجازت ملے یا نہ ملے نوشہرہ، پشاور میں جلسے کریں، بلاول کی پارٹی قیادت کو ہدایت

November 18, 2021


چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا کی پارٹی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ حکومت کی طرف سے اجازت ملے یا نہ ملے، نوشہرہ اور پشاور میں جلسے کریں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی سے اسلام آباد میں پی پی پی خیبر پختونخوا کی قیادت نے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں مجموعی سیاسی صورت حال اور کے پی میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری کو 19 نومبر نوشہرہ اور 30 نومبر کو پشاور میں طے شدہ جلسوں اور اس میں حائل رکاوٹوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

خیبر پختونخوا کی پارٹی قیادت نے چیئرمین پی پی پی کو بتایا کہ انتظامیہ نے پشاور میں جلسے کی اجازت نہیں دی، جبکہ نوشہرہ میں جلسہ روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اجازت ملے یا نہ ملے، رکاوٹوں کے باوجود نوشہرہ، پشاور میں جلسے کریں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت مخالف مہم سے حواس باختہ پی ٹی آئی ہمارے جلسے روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو جو کرنا ہے کرلے، پشاور اور نوشہرہ میں جلسے ہر صورت میں ہوں گے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر خیبر پختونخوا میں حکومتی جماعت کے جلسے ہوسکتے ہیں تو پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسے کیوں نہیں ہوسکتے؟