فواد چوہدری کا ابھینندن کو ایوارڈ ملنے پر دلچسپ تبصرہ

November 23, 2021

وفاقی وزیر اطلاعات برائے نشریات فواد چوہدری نےبھارتی ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھمان کو بھارتی حکومت کی جانب سے ’ویر چکرا‘ ایوارڈ ملنے پر دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔

فواد چوہدری نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی ایوانِ صدر کی وہ ویڈیو شیئر کی جس میںابھینندن ورتھمان ’ویر چکرا‘ ایوارڈ سے نوازا جارہا ہے۔

ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ’ابھینندن سوچ رہا ہوگا کہ اب، میں نے کیا کردیا، یہ مجھے کہاں لیکر جارہے ہیں۔‘

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ’ابھینندن کو ایوارڈ دے کر بھارتی ایوان صدر میں کامیڈی فلم کی شوٹنگ کا سین فلمایا گیا۔‘

واضح رہے کہ بھارتی رپورٹس کے مطابق گروپ کیپٹن ابھینندن ورتھمان کو گزشتہ روز بھارتی صدر رام ناتھ کوونڈ کی جانب سے 2019ء کی فروری میں پاکستان کا ایف16 طیارہ مار گرانے پر ’ویر چکرا‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ابھینندن مِگ 21 طیارے کا پہلا پائلٹ ہے جس نے F-16 کو مار گرایا تھا۔

دوسری جانب حقیقت اس کے بر عکس ہے، 27 فروری 2019ء کو پاکستان ایئر فورس کے بہادر جوانوں کی جانب سے بغیر کسی نقصان کے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی طیارے مِگ21 کو تباہ کر کے ونگ کمانڈر ابھینندن کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔