• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوہری ہتھیار رکھنے والا ایران دنیا کو بلیک میل کرے گا: مارکو روبیو

مارکو روبیو ---فائل فوٹو
مارکو روبیو ---فائل فوٹو 

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر ایران نے جوہری ہتھیار حاصل کر لیا تو ایران دنیا کو بلیک میل کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

امریکی میڈیا کو انٹرویو کے دوران مارکو روبیو نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کھلی ہے اور ایرانی تیل کے علاوہ خطے سے گزرنے والے تیل کی مقدار ایران پر امریکی اور اسرائیلی جنگ شروع ہونے سے پہلے کی سطح کے تقریباً برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی صورت میں ایران آبنائے ہرمز پر کنٹرول حاصل کر کے ٹیکس عائد کر سکتا ہے اور یہ فیصلہ بھی کر سکتا ہے کہ کس ملک کو توانائی فراہم کی جائے گی اور کسے نہیں، یہ صورتِ حال ناقابلِ قبول ایک بڑا خطرہ بن جائے گی۔

مارکو روبیو نے ایران کے نظامِ حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں فیصلے ایسے سخت گیر شیعہ مذہبی رہنما کرتے ہیں جن کا مستقبل کے بارے میں قیامت سے متعلق انتہا پسندانہ تصور ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران پابندیوں میں نرمی یا معاشی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی رقم عوام کی زندگی بہتر بنانے کے بجائے ہتھیار بنانے اور اپنے انقلاب کو دوسرے ممالک تک پھیلانے پر خرچ کرتا ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے مزید دعوے کرتے ہوئے کہا کہ ایران حزب اللّٰہ، حماس اور عراق میں شیعہ میلیشیاؤں کی مالی معاونت کرتا ہے جبکہ دہشت گردی اور قتل کی سازشوں کی بھی سرپرستی کرتا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید