کنسٹیٹیونٹ انسٹیٹیوٹس آف خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں اقلیتی کوٹہ مختص کرنیکی منظوری

November 25, 2021

اسلام آباد (قاسم عباسی)کنسٹیٹیونٹ انسٹیٹیوٹس آف خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں اقلیتی کوٹہ مختص کرنیکی منظوری، شعیب سڈل کا کہنا ہے کہ ون مین کمیشن نے پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں میںاقلیتوں کیلئے2فیصد نشستوں کیلئے سخت محنت کی۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کی اکیڈمک کونسل نے کنسٹیٹیونٹ انسٹیٹیوٹس آف خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں اقلیتی کوٹہ مختص کرنے کی منظوری دے دی۔ اس سال 6ستمبر کو سیکرٹری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ پشاور کے پی کے کو بھیجے گئے خط میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمیشنز نے ادارے میں اقلیتی کوٹہ کیلئے سیٹ الاٹ کرنے کی منظوری مانگی ہے۔ ڈاکٹر شعیب سڈل نے دی نیوز سے بات کرتے ہوئے وضاحت کی کہ ون مین کمیشن نے پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں/ اعلیٰ تعلیم کے اداروں میں اقلیتوں کیلئے 2فیصد نشستیں حاصل کرنے کے لیے واقعی سخت محنت کی ہے۔ عہدیدار پر امید تھے اور کہا کہ اچھی خبر یہ ہے کہ برف پگھلنا شروع ہو گئی ہے۔ جب دوسرے صوبوں کے بارے میں سوال کیا گیا تو ڈاکٹر شعیب نے بتایا کہ پاکستان بھر میں اقلیتوں کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔