ہر سال ایک ہزار خواتین غیرت کے نام پر قتل ہوجاتی ہیں، ڈاکٹر معصومہ

November 26, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرپرسن پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرزاور صدرعورت فاؤنڈیشن ڈاکٹر معصومہ حسن نے کہا کہ پاکستان میں ہرسال ایک ہزار خواتین کو غیر ت کے نام پر اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑتاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹر آف ایکسلینس فارویمنز اسٹڈیز جامعہ کراچی کے زیراہتمام اوریونائیٹڈ نیشنز ویمنز کے اشتراک سے کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں منعقدہ ایک روزہ کانفرنس بعنوان: ”پاکستان میں خواتین کے خلاف تشدد:وجوہات اوررجحانات کو سمجھنا“ کی افتتاحی تقریب سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ صنفی امتیاز کے خاتمے اور یکساں حقوق کی فراہمی سے ہی پسماندگی کا خاتمہ ممکن ہے، ملک کی نصف سے زائد آبادی کو ترقی کے دھارے سے الگ نہیں رکھا جاسکتا۔