بھیکے وال پنڈ میں 10کروڑ کےترقیاتی کام مکمل ہوگئے،محمودالرشید

November 27, 2021

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیربلدیات پنجاب میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ حلقہ پی پی 160 علامہ اقبال ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے،اہل حلقہ کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ترقیاتی کاموں کے حوالے سے عوام سے کئے وعدے پورے کئے ہیں۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ بھیکے وال پنڈ میں 10کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام مکمل کرائے گئے ہیں۔ سیوریج اور واٹر سپلائی کی پائپ لائن بچھائی گئی ہے جبکہ سوئی گیس کی فراہمی اور اندرونی گلیوں کی تعمیر مکمل کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں سٹریٹ لائٹ کی تنصیب بھی جلد شروع ہو جائے گی۔ میاں محمود الرشید نے مزید بتایا کہ یونین کونسل 212 علامہ اقبال ٹاؤن لاہور میں آٹھ کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، ان منصوبوں میں واٹر سپلائی، سیوریج اور سڑکوں کی تعمیر شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھیکے وال پنڈ کو پانی کی فراہمی کے لئے علیحدہ ٹیوب ویل بھی نصب کیا جا رہا ہے۔