جنوبی پنجاب کو سیکرٹریٹ کا تحفہ دیا ، اب تمام مسائل حل ہونگے، یاسمین راشد

November 27, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کورونا کے دوران ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس نے جس طرح جان کی پرواہ کئے بغیر ڈیوٹیاں سر انجام دیں اسکی مثال نہیں ملتی۔ یہ ڈاکٹر ہمارا اثاثہ ہیں ۔ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے عمران خان کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کو سیکرٹریٹ کا تحفہ دیا اب دونوں ہیلتھ سیکرٹری یہاں موجود ہیں جہاں اب تمام مسائل کا حل ممکن ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دو روز قبل اپنے دورہ ملتان کے دوران پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر پی ایم اے ملتان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج نے انہیں بتایا کہ ملتان کے ہسپتالوں میں پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کی شدید کمی ہے بالخصوص گائنی ریڈیالوجی اور میڈیسن میں ڈاکٹروں کی شدید کمی ہے، جبکہ پنجاب کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں ایم سی پی ایس ٹریننگ شروع کروانے ،میٹرنٹی، میڈیکل ، اور گرمی کی چھٹیوں پر ڈاکٹروں کی بلاوجہ الاونسز کی کٹوتی ، جبکہ او پی ڈی اوقات کار بڑھا دئیے گئے تاہم ڈاکٹروں کو ہفتہ کے روز کی نہ تو چھٹی دی گئی اور نہ ہی ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا،یاسمین راشد نے سیکریٹری صحت کو مسائل حل کرنے کی ہدایت کردی۔