کراچی: نسلہ ٹاور کے باہر پولیس بڑھا دی گئی

November 27, 2021


سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر کراچی میں واقع نسلہ ٹاور اور تجوری ہائٹس کو گرانے کا کام جاری ہے، نسلہ ٹاور کے باہر پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھا دی گئی۔

ہیوی مشینری اور مزدوروں کی مدد سے نسلہ ٹاور کو گرایا جارہا ہے، جبکہ ہیوی مشینری اور مزدورں کی مدد سے ہی تجوری ہائٹس کو بھی توڑنے کا عمل جاری ہے۔

کراچی کی شاہراہِ فیصل پر نرسری کے مقام پر سروس روڈ پر واقع نسلہ ٹاور کو گرانے کا کام آج چوتھے روز بھی جاری ہے۔

نسلہ ٹاور کی بالائی منزلوں کو مزدوروں کی مدد سے جبکہ نیچے کی دیواریں ہیوی مشینری کے ذریعے گرائی جا رہی ہیں۔

عمارت کو منہدم کرنے کے کام کے باعث نرسری سے شاہراہِ قائدین جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔

واضح رہے کہ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور سے متعلق سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے عمارت گرانے میں سستی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

عدالتِ عظمیٰ نے کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کو نسلہ ٹاور 1 ہفتے میں گرا کر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔