مسلط شدہ لوگوں کی کوئی حیثیت نہیں، فضل الرحمٰن

November 28, 2021


جمعیت علماء اسلام (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ مسلط شدہ لوگوں کی کوئی حیثیت نہیں، جو کچھ آج ہو رہا ہے اس سے ملک کی بقا داؤ پر لگی ہوئی ہے۔

لاڑکانہ میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ جعلی کابینہ نے اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنے کی منظوری دی۔ پاکستان کی بقا کی جنگ خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے، ریاست کی بقا کا دارومدار معیشت پر ہے، دفاع پر دارومدار ثانوی ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سندھ، بلوچستان کے جزائر کے مالک وہاں کے عوام ہیں۔

علاوہ ازیں جمعہ کو جمعیت علماء اسلام ضلع رحیم یار خان کے زیر اہتمام سٹی پارک خان پور میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حکمران بیرونی قوتوں کی خوشنودی کے لئے ملک کو سیکولر ازم کی طرف لے جارہے ہیں، جمعیت علماء اسلام کسی بیرونی ایجنڈے کو قبول نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم موجودہ حکومت کو برداشت نہیں کریں گے، 2018 میں جو ہوا، اب ہم ووٹ چوری نہیں ہونے دیں گے۔