عمران خان معاشی اصلاحات میں ناکام رہے، الطاف شاہد

December 01, 2021

لندن ( پ ر)پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہدنے کہا کہ جس نے نظام بدلنا تھا وہ خود بدل گیا،کپتان کووعدے یاد نہیں۔حکمران اوران کے حواری بری طرح ایکسپوز ہوگئے ہیں۔کپتان عمران خان کوپاکستان کی نیم مردہ معیشت پرخودکش حملے کی اجازت نہیں دیں گے۔وہ معاشی اصلاحات کرنے میں ناکام رہے ،وہ یقینا انتخابات کوشفاف بنانے کیلئے بھی قابل قبول اصلاحات نہیں کرسکتے ۔ اپنے ایک بیان میں چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ عمران خان پاکستان کودرپیش خطرات اورچیلنجز سے نابلد ہیں لہٰذا ء وہ ان پرقابونہیں پاسکتے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کبھی تنہائی میں بیٹھ کراپنے اندازبیان اوراندازسیاست پرغورکریں۔ نفرت سے بھرپور سیاست کی حمایت شدت پسندی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ جوکوئی پاکستان کے وقاراورمفادات کومیلی آنکھ سے دیکھے گاہمیں اپنے مقابل کھڑا پائے گا۔ ہم پاکستان کی آن بان پرکوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔