افغانستان، قندھار کی یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل خواتین ملازمتوں کی متلاشی

December 01, 2021

کابل(جنگ نیوز)افغانستان کی مختلف جامعات سے فارغ التحصیل درجنوں خواتین اب ملازمتوں کی متلاشی ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ انہوں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ پڑھائی کیلئے صرف کیا اور آگے وہ ملک کی خدمت کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں،دوسری جانب نئی گریجویٹ خواتین طالبات کے پاس ملک میں ملازمتیں نہ ملنے پر بیرون ملک جانے کا آپشن بھی موجود ہے،تفصیلات کے مطابق صوبہ قندھار کی مختلف جامعات سے فارغ التحصیل تقریبا 200 طالبات ملازمتوں کیلئے کوشاں ہیں،ان طالبات کے اعزاز میں ایک تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا،جامعات سے فارغ التحصیل طالبات میں 13 ایسی بھی ہیں جنہوں نے قانون اور سیاسیات کی تعلیم حاصل کی،نئی گریجویٹ خاتون شریفہ نے کہا کہ طب اور تعلیم کے شعبے میں خواتین کی ہی ضرورت ہوتی ہے،نصرت اللہ اوماری نے کہا کہ اگر امارات اسلامیہ ان خواتین کو ملازمتیں نہیں دیتی تو یہ خواتین افغانستان چھوڑ کر دیگر ممالک میں جانے کیلئے مجبور ہونگی،ادھر قندھار کے مقامی حکام نے کہا ہے کہ وہ ملک میں موجود پیشہ ور افراد کو ملازمتیں دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سربراہ محمد نصیر نکزد نے کہا کہ ملک میں تقریبا 50 فیصد یونیورسٹیوں کو کھول دیا گیا ہے اور جلد ہی دیگر یونیورسٹیوں کے کھلنے پر اطلاع دی جائے گی۔