پاک ویسٹ انڈیز سیریز کا سیکیورٹی پلان تیار

December 01, 2021

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے حوالے سےسیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا ہے، سیکیورٹی پلان ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں ہوئے اجلاس میں تیار کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اجلاس کی صدارت ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد نے کی، اجلاس میں رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

ڈی آئی جی مقصود احمد کا کہنا ہے کہ میچز کے دوران 800 ایس ایس یو کمانڈوز سمیت 1500 سے زائد اہلکار ڈیوٹی دینگے جبکہ ماہر نشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات کیے جائیں گے۔

مقصود احمد نے کہا ہے کہ اسپیشلائزڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف نگرانی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم پر ہوگی۔

ڈی آئی جی کا یہ بھی کہنا ہے کہ تماشائیوں کیلئے پارکنگ پوائنٹس سے نیشنل اسٹیڈیم تک شٹل بس سروس چلے گی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹیم ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز میں الرٹ رہے گی۔