شریا گھوشال اور نئے ٹوئٹر سی ای او پراگ بچپن کے دوست ہیں

December 02, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف بولی وڈ گلوکارہ شریا گھوشال اور ٹوئٹر کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پراگ اگروال کا بہت پرانا تعلق ہے۔29نومبر کو جب پراگ اگروال نے اپنے چیف منتخب ہونے کی خبر ٹوئٹر پر شیئر کی تو شریا گھوشال نے ان پر فخر محسوس کرتے ہوئے مبارکباد دی جس پر صارفین نے گلوکارہ اور ٹوئٹر چیف کی 11 سال قبل کی گئی ٹوئٹس دوبارہ شیئر کرنا شروع کر دیں۔ٹوئٹس سے انکشاف ہوا کہ شریا اور پراگ بچپن کے دوست ہیں اور اسکول میں ایک ساتھ ایک ہی جماعت کے طالبعلم رہ چکے ہیں۔23 مئی 2010کو شریا نے ٹوئٹ کیا تھا اور اپنے مداحوں سے پراگ کو فالو کرنے کی درخواست کی تھی، انہوں نے کہا تھا کہ مجھے حال ہی میں پتہ چلا کہ ٹوئٹر پر میرے بچپن کا دوست بھی ہے جو کھانے پینے اور سفر کا شوقین ہے۔ اس کے علاوہ دونوں کے کچھ پرانے ٹوئٹس بھی وائرل ہوئے جس سے صارفین خوب محظوظ ہوئے تاہم شریا نے ان تمام ٹوئٹس پر ردعمل دیا۔ شریا گھوشال نے اپنے مداحوں سے کہا کہ کیا یار تم لوگ بچپن کے ٹوئٹس نکال رہے ہو، یہ 10سال پہلے کی بات ہے جب ٹوئٹر متعارف ہوا تھا اور ہم بچے تھے۔ انہوں نے قہقہہ والے ایموجی بناتے ہوئے سوال کیا کہ دوست ایک دوسرے کو ٹوئٹ نہیں کرتے کیا؟ یہ کیا ٹائم پاس چل رہا ہے۔