ترکی میں ایک مرتبہ پھر کرنسی کا بحران، لیرا کی قدر میں چالیس فیصد کمی

December 02, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) ترکی میں ایک مرتبہ پھر کرنسی کا بحران سر اٹھا رہا ہے اور ملک میں ڈالر کے مقابلے میں ’’لیرا‘‘ کی قدر میں چالیس فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس طرح ابھرتی ہوئی مارکیٹس میں لیرا نے بدتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرنسی کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صرف نومبر میں لیرا نے ڈالر کے مقابلے میں اپنی تیس فیصد قدر کھو دی تھی۔ مقامی کرنسی کی اس بدحالی کی وجہ سے ملک میں لوگوں نے ڈالرز ذخیرہ کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ ملک کے کچھ حصوں میں خراب معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لوگوں نے صدر رجب طیب اردوان کیخلاف مظاہرہ بھی کیا ہے۔ اس حوالے سے صدر اردوان نے ترکی میں موجود غیر ملکیوں اور ان کے حامیوں کو کرنسی کے بحران کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔