رپیڈ رسپانس ٹیموں کے بند فنڈ ز کوجاری کیا جائے، پراونشل ڈاکٹرز

December 02, 2021

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) کے وفد نے سیکرٹری صحت طاہر اورکزئی سے ملاقات کی اور ان سے ڈاکٹروں کو درپیش مسائل پر بات چیت کی۔ وفد کی قیادت چیئرمین ڈاکٹر زبیر ظاہر اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عالمگیر نے کی جس میں سینئر ڈاکٹرز کیساتھ ساتھ صوبے کے تمام ہسپتالوں کے صدور شامل تھے۔ وفد نےسیکرٹری کو صحت نظام میں بہتری لانے کے اقدامات میں مکمل یقین دہانی کرائی۔وفد نے سیکرٹری صحت کو ایف سی پی ایس پاس ڈاکٹرز کی انڈکشن ،صحت سہولت کارڈ میں مشکلات، سیکورٹی بل اور ٹرانسفر پوسٹنگ،اڈی ایچ اے،آر ایچ اے ، ڈاکٹرز کےخلاف انتقامی کارروائی،ریپڈ رسپانس ٹیموں کی فنڈ بندش اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ ڈاکٹرز کمیونٹی کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی بھی تبدیلی قابل قبول نہیں ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ رپیڈ رسپانس ٹیموں کے 10 مہینوں سے بند فنڈ کوجاری کیا جائے، مینجمنٹ کیڈر کے ڈاکٹرز کے مسائل حل کرنے کیلئے ایک کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے اور خالی پوسٹوں کو پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پر کیا جائے، جن ڈاکٹرز نے سپیشلائزیشن کی ہے ان کی تعیناتیاں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرز ہسپتال میں عمل مین لائی جائیں، وفد نے ڈینٹل سرجن کی سیٹوں پر تقرری ، کورونا الائونس ، شہداء پیکیج ، ڈی ایچ کیوز میں شام کے اوپی ڈیز کیلئے سٹاف کی بھرتی ، ضم اضلاع کے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن بارے تجاویز پیش کیں ۔پی ڈی اے ترجمان کے مطابق سیکرٹری صحت نے سفارشات و شکایات کو جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی کہ مسائل کے حل کئے جائیں گے، ایف سی پی ایس انڈکشن کے مسئلے کو حکومت اور پی جی ایم آئی کیساتھ اٹھاکر اسے ترجیحی بنیادو ں پر حل کیا جائے گا۔