EVM کیخلاف نہیں‘ استعمال پر تحفظات زیربحث ہیں‘ الیکشن کمیشن

December 03, 2021

اسلام آباد(ایجنسیاں) الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ابھی تک آئندہ عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر کرانے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوامگر الیکشن کمیشن ابھی اپنی تین کمیٹیوں کی مدد سے اس بات کا تعین کرے گا کہ یہ قانون قابل عمل بھی ہے یا نہیں ‘ الیکشن کمیشن ای وی ایم کے استعمال کے خلاف نہیں ہے

تاہم مشین کے استعمال پر تحفظات زیر بحث ہیں ‘ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو سکیورٹی کے نکتہ نظر سے اس طرح تیار کیا جائے گا کہ ان کا انٹرنیٹ سے رابطہ منقطع رہے تاکہ کوئی نتائج میں ردوبدل نہ کر سکے‘ ان میں ایسا سسٹم نصب ہو گا کہ اگر کوئی ان مشینوں کو لے بھی جائے تو پھر ان کا پتا چلایا جا سکے‘.

یہ فیصلہ ہونا بھی باقی ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کیسے حق رائے دہی استعمال کریں گے‘ درکار الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں جن ترقی یافتہ ممالک سے خریدنا ہوں گی وہ ممالک خود یہ مشینیں استعمال ہی نہیں کرتے ۔

ان خیالات کا اظہار سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحامد خان نے قومی اسمبلی کی پارلیمانی امورکمیٹی کو بریفنگ جبکہ اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال حسین اورڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد خضر عزیزنے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں کیا ۔