کورونا ویکسین کے ذریعے شہری خود کو محفوظ بنائیں، کمشنر ملتان

December 03, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ کورونا کی ممکنہ نئی قسم سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانا اور ویکسین لگوانا ناگزیر ہے شہری کورونا ویکسین کے ذریعے خود کو محفوظ بنائیں۔کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے لودھراں، خانیوال انتظامیہ کو ریڈ مہم میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے اور ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ دوسری فیز میں اسی جوش و جذبے سے مہم کو کامیاب بنایا جائے۔محکمہ صحت کارکردگی بارے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے انسداد ڈینگی مہم میں تیزی لانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ماحول کو صاف خشک رکھ کر ڈینگی وبا کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکتا ہے۔انسداد ڈینگی مہم میں ڈویژن میں 3 ایف آئی آر درج کروائی گئیں، 41 نوٹسز دیے گئے اور،1 مقام سربمہر کیا گیا۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈائیریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر وسیم رمزی نے کہا کہ ویکسین ہر دہلیزپر2مہم میں پہلی ڈوز کا 837563 ٹارگٹ فکس کیا گیا ہے۔RED2 میں دوسری ڈوز کا ٹارگٹ 2094917 مقرر کیا گیا ہے۔ویکسین ہر دہلیز پر مہم 2 1 دسمبر تا 10 جنوری تک جاری رہے گی۔اجلاس میں انسداد ڈینگی مہم، کورونا ویکسینیشن بارے بریفنگ دی گئی۔ڈی سی ملتان عامر کریم خاں، ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز، ہیلتھ افسران موجود تھے۔