ترقیاتی سکیموں پرکام تیز کرنے اورورک آرڈز جاری کرنیکی ہدایت

December 04, 2021

لاہور(خصوصی نمائندہ) چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے تمام محکموں کے انتظامی سیکرٹریز کو ہدایت کی ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت صوبے میں جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیز کی جائے او رقواعد و ضوابط کے مطابق زیر التواء ورک آرڈرز فوری طور پر جاری کئے جائیں۔ انہوں نے یہ ہدایت 560 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں اجلاس کے دوران دیں ۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ منصوبوں میں فنڈز کے بروقت استعمال اور شفافیت کویقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز اپنے محکموں کی ترقیاتی سکیموں کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔ ترقیاتی سکیموں کی بروقت منظوری کیلئے چیف سیکرٹری نے پی اینڈ ڈی بورڈ کی تعریف بھی کی۔سیکرٹری پی اینڈ ڈی مجاہد شیر دل نے اجلاس کو مختص فنڈز، ریلیز اور استعمال بارے بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ 4680 غیر منظور شدہ سکیموں میں سے4406 سکیموں کی منظوری دی جا چکی ہے اور560ارب روپے کے مختص فنڈزمیں سے278 ارب روپے جاری کئے جا چکے ہیں۔چیئرمین پی اینڈ ڈی عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ محکمے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے متعلق گائیڈ لائنز پر عمل کریں، اضافی اورسرنڈر کئے جانیوالے فنڈز سے متعلق 10دسمبر تک آگاہ کردیا جائے ۔