میرے شوہر معصوم تھے، انصاف دیا جائے، مقتول سری لنکن شہری کی اہلیہ

December 05, 2021

لاہور(جنگ نیوز)سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے سری لنکن فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کی اہلیہ نیروشی دسانیہ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ میرے شوہر معصوم تھے،ہمیں انصاف دیا جائے،بیرون ملک اتنا کام کرنے کے باوجود شوہر کو بے دردی سے قتل کیاگیا ، منصفانہ تحقیقات کروائیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں مقتول فیکٹری منیجر کی اہلیہ کا کہنا تھاکہ میرے شوہر معصوم انسان تھے، خبروں سے پتا چلا کہ بیرون ملک اتنا کام کرنے کے باوجود میرے شوہر کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا، انہوں نے سری لنکا کے صدر اور پاکستان کے صدر و وزیر اعظم سے منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ میرے شوہر اوردو بچوں کو انصاف دیا جائے۔مقتول فیکٹری منیجر کے بھائی کا کہنا تھاکہ پریا نتھا 2012 سے سیالکوٹ کی اس فیکٹری میں ملازمت کر رہے تھے، فیکٹری کے مالک کے بعد پریانتھا نے ہی اس کا تمام انتظام سنبھالا ہوا تھا۔ رپورٹ کے مطابق تعلیم کے اعتبار سے پریا نتھا کمارا ایک انجینیئر تھے اور ان کے دو بچے ہیں جن کی عمریں 14 اور 9 سال ہیں۔