ڈراپ ہونے پر سرفراز احمد افسردہ، جذبات کا اظہار شعر میں کردیا

December 06, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جذباتی شعر لکھا اور تھوڑی دیر بعد ٹویٹ ڈیلیٹ بھی کردیا۔ سرفراز احمدکے ڈیلیٹ کیے گئے ٹویٹ کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔ انہوں نے ٹیم سے ڈراپ ہونے پر ٹویٹر پر شاعرانہ انداز میں ردعمل دیتے ہوئے لکھا تھا کہ’’کرتے ہیں میری خامیوں کا تذکرہ اس طرح، لوگ اپنے اعمال میں فرشتہ ہوں جیسے‘‘۔ ایک دن پہلے سرفراز احمد کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان اپنے بیٹے اعظم خان کی حمایت میں سامنے آئے تھے انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرفراز احمد کو مشورہ دیا ہے کہ ہر کھلاڑی کو سمجھنا چاہیے کہ بغیر پرفارمنس کم بیک ممکن نہیں۔ انہیں بیٹنگ نمبر تبدیل کرنا پڑے گا۔ سرفراز احمد کے کیریئر کے لیے پاکستان سپر لیگ اہم موقع ہے۔ معین خان نےکہا کہ خواہش ہے پی ایس ایل میں اعظم خان وکٹ کیپنگ کریں۔