خوانچہ فروش سٹرک سے پانچ فٹ دور اپنا کاروبار کریں، میئر

December 06, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) میئر ملتان نویدالحق آرائیں نے شہر بھر کی سٹرکوں پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے احکامات جاری کردیئے ہیں، تجاوزات مافیا کی سرپرستی کرنیوالے اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی، تاجر او ر ریڑھی مالکان بھی سن لیں ، سڑکوں پر ٹریفک میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ خوانچہ فروشوں اور ریڑھی چلانے والے اور لنڈا لگانے غریبوں کا احساس ہے، ہم عوام کو ریلیف دینے کیلئے آئے ہیں، کسی بھی غریب کا روزگار چھننا نہیں چاہتے، ریڑھی اور لنڈا لگانے والے ، خوانچہ فروش سٹرک سے پانچ فٹ کے فاصلے پر اپنا کاروبار کریں اور سٹرکوں پر رکاوٹ نہ بنیں ، میونسپل کارپوریشن اور انسداد تجاوزات کی ٹیمیں یا کمیٹی ممبران قانون کے مطابق کاروبار کرنے والوں کو نہیں چھیڑیں گے، انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی اہلکار یا انسداد تجاوزات ٹیم یا کمیٹی کا ممبر کسی بھی ریڑھی والے، لنڈے والے یا خوانچہ فروش سے بھتہ طلب کرے تو اس کے خلاف مجھے براہ راست شکایت کی جائے ، میرے دروازے عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہر وقت کھلے ہیں۔