ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 62 ہزار 519 افراد کا چالان

December 06, 2021

پشاور( کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر گزشتہ ماہ 62 ہزار 519 افراد کا چالان کرکے 1 کروڑ 35 لاکھ 13ہزار 400 روپے جرمانوں کی مد میں وصول کئے جو قومی خزانے میں جمع کر دیئے. چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیمیں شہر کے مختلف سیکٹروں میں شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتی ہیں جس کے بعد باقاعدہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ کرنیوالوں کے خلاف کارروائیاں کی جاتی ہیں اس سلسلے میں شہر کے مختلف سیکٹروں میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر گزشتہ ایک ماہ میں 62 ہزار 519 افراد کا چالان کیا گیا جن سے جرمانوں کی مد میں 1 کروڑ 35 لاکھ 13 ہزار 400 روپے حاصل کر کے سرکاری خزانہ میں جمع کئے گئے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک حکام ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ مرتکب افراد کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسران و اہلکار پوری جانفشانی کیساتھ ٹریفک کی روانی اور شہریوں میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔