نومبر میں سیمنٹ کی مقامی کھپت میں 10 فیصد سے زائد اضافہ

December 08, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)نومبر 2021میں سیمنٹ کی مقامی کھپت 10.21فیصد بڑھ گئی ، آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق نومبر 2021میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 4.124ملین ٹن ریکارڈ کی گئی جو نومبر 2020 کی فروخت 3.742ملین ٹن کے مقابلے میں 10.21فیصد زائد رہی۔ سیمنٹ کی ایکسپورٹ میں نومبر 2021کے مہینے میں 9.2فیصد کمی واقع ہوئی اور سیمنٹ کی ایکسپورٹ 6لاکھ 95ہزار 779ٹن رہی جو نومبر 2020کے دوران 7لاکھ66 ہزار273 ٹن رہی تھی۔ نومبر 2021کے دوران شمالی علاقوں میں واقع سیمنٹ فیکٹریوں کی مقامی فروخت 3.469ملین ٹن رہی جو نومبر 2020کی فروخت 3.129 ملین ٹن کے مقابلے میں 10.87فیصد اضافہ کو ظاہر کرتی ہے۔ سدرن علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی مقامی فروخت نومبر 2021کے دوران 6لاکھ 54ہزار983ٹن رہی جبکہ نومبر 2020کے دوران سدرن علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں نے مقامی مارکیٹ میں 6لاکھ13ہزار 113ٹن سیمنٹ فروخت کی تھی۔ اس طرح نومبر 2020کے مقابلے میں نومبر 2021کے دوران سدرن علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی فروخت 6.83فیصد زائد رہی۔ شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں سے نومبر 2021کے دوران سیمنٹ کی ایکسپورٹ میں 69.67 فیصد کی غیرمعمولی کمی واقع ہوئی اور شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں نے نومبر 2020کے دوران ایک لاکھ82ہزار91ٹن سیمنٹ ایکسپورٹ کی جبکہ نومبر 2021کے دوران شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں نے 55ہزار234ٹن سیمنٹ ایکسپورٹ کی تھی۔ سدرن علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی نومبر 2021میں 9.65فیصد اضافہ سے 6لاکھ 40ہزار545ٹن رہی جو نومبر 2020میں 5لاکھ84ہزار 182ٹن رہی تھی۔ رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت (بشمول مقامی اور ایکسپورٹ) 22.86ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کی مجموعی فروخت 23.83ملین ٹن سے 4.11فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔