پریانکا چوپڑا اور نک جونس کا ٹام شیہر کے انتقال پر دکھ کا اظہار

December 08, 2021

ممبئی (آئی این پی) بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ذیابیطس کے مریضوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی این جی او بیونڈ ٹائپ ون کے سی ای او ٹام شیہر کے انتقال پر دلی دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ پریانکا چوپڑا نے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر اپنے شوہر امریکی گلوکار، گیت نگار اور موسیقار نک جونس کی ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔ اس پوسٹ کے ساتھ پریانکا نے تحریر کیاکہ بہت جلد چلے گئے ٹام شیہر، آپ کی کمی بہت زیادہ محسوس ہوگی۔ غمزدہ خاندان اور پیاروں کے ساتھ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں۔ اس سے قبل نک جونس نے ٹام کے ساتھ اپنی ایک پرانی تصویر شیئر کی تھی، اور اس پر کیپشن تحریر کیا، ٹام شیہر کی بے وقت موت نے بہت غمزدہ کردیا ہے، میں خوش نصیب ہوں کہ ٹام سے میری سات سال سے شناسائی تھی، وہ بہت اچھے دوست، مینٹور اور ساتھی تھے۔