ملکی و غیرملکی کرنسی اور 49 تولے زیورات چوری، 50 لاکھ کی ڈکیتی

December 08, 2021

راولپنڈی، اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار ) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری دوگاڑیوں 12موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائلز ،مویشیوں ،ملکی وغیرملکی کرنسی اوردیگراشیاء جبکہ وفاقی شہری ایک گاڑی ،تین موٹر سائیکلوں اور دیگر قیمتی چیزوں سے محروم ہوگئے۔تھانہ بنی کے علاقہ پل شاہ نذر کے قریب دوموٹرسائیکل سوار شیخ طاہر نذیر کی بیوی بشریٰ بی بی اوربہن انعم نذیر سے گن پوائنٹ پر13تولےطلائی زیورات چھین کرفرارہوگئے۔تھانہ روات کے علاقہ فیزسیون میں کرنل مقصود احمد کاایک ٹن سر یاچوری ہوگیا،تھانہ روات کے علاقہ فیزسیون میں نامعلوم چور ما ریہ جبین کے گھرکے تالے توڑکر5 لاکھ روپے، 400 یورو،20 ہزار درہم،400 پا ئونڈ ،49 تولے طلا ئی زیورات ، قیمتی پتھروں کا زیور مالیتی 20 ہزار درہم اورڈی وی آرچوری کرکے لے گئے۔تھانہ صدرواہ کے علاقہ واہ ماڈل ٹاؤن میں نامعلوم چور آصف علی کے گھرکے تالے توڑکر 2لاکھ روپے، سونا مالیتی 6 لاکھ روپے اورپرائز بانڈز مالیتی ساڑھے چھ لاکھ روپے چوری کرکے لے گئے۔ تھانہ نون کے علا قے جھنگی سیداں میں رانا سہیل کے گھر میں دو مسلح افراد داخل ہو کر اسلحہ کی نوک پر نقدی اور زیورات مالیت 9 لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے ،تھانہ آبپارہ کے علا قے جی سکس فور میں اسد رحمان کے گھر میں چار مسلح افراد داخل ہو کر نقدی اور زیورات مالیت 50 لاکھ روپے چھین کر چلتے بنے۔ لوٹنے اور چوری کی دیگر وارداتیں تھانہ وارث خان،تھانہ نصیرآباد،تھانہ ٹیکسلا،تھانہ پیرودھائی ،تھانہ بنی ،تھانہ نیوٹاؤن،تھانہ کینٹ ،تھانہ ویسٹریج ،تھانہ سول لائن ،تھانہ ائرپورٹ ،تھانہ صدرواہ،تھانہ گوجرخان ،تھانہ صدربیرونی ،تھانہ روات ،تھانہ آبپارہ ،تھانہ آئی نائن ،تھانہ مارگلہ ،تھانہ رمنا ،تھانہ نیلور،تھانہ کوہسار کی حدود میں ہوئے جن میں شہری بیش قیمت اشیاء سے محروم کر دیئے گئے۔ بھاری مالیت کے چیک بھی ڈس آنر ہو گئے۔