منشیات کو کنٹرول کرنے کیلئے عوامی سطح پر کمیٹیاں قائم کی جائینگی‘ سید کلیم امام

December 08, 2021

اسلام آباد( جنگ نیوز)نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن کے سیکریٹری سید کلیم امام نے کہا ہے منشیات کا ناسور معاشرے میں تیزی کیساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور اس لعنت کو ختم کرنے کے لیے پورے ملک میں عوامی سطح پر کمیٹیاں قائم کر کے اس مشن کو آگے بڑھایا جائے گا انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز اپنے دفتر میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس نے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ پورے ملک میں قائم تمام چیمبر آف کامرس اس مہم میں ان کا ساتھ دیں گے ۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شکیل منیر نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر ہر سیکٹر اور کالجز میں منشیات کی روک تھام کیلئے کام کرے گا۔تقریب میں میاں اکرم فرید، عبدالروف عالم، ظفر بختاوری، اعجاز عباسی، خالد اقبال ملک، شوکت مسعود، عامر وحید، چودھری وحید الدین، زاہد مقبول، طارق صادق، جمشید اختر شیخ، فہیم خان، نوید ملک، سیف الرحمان اور ضیاء چودھری نے شرکت کی۔