پاکستان کے باصلاحیت اداکار رعید محمد عالم نے انکشاف کیا ہے کہ اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران سینئر اداکار نعمان اعجاز نے انہیں حقیقی تھپڑ مارا تھا تاکہ میں منظر کے مطابق جذبات کا اظہار کر سکوں۔
رعید محمد عالم نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے ابتدائی اداکاری کے دنوں کے تجربات شیئر کیے۔
انہوں نے بتایا جب میں نے اداکاری کا آغاز کیا تو مجھے رونے والے مناظر ادا کرنے میں مشکل پیش آتی تھی، ایک ڈرامے میں میری نعمان اعجاز کے ساتھ شوٹنگ تھی، جس میں میرے چند مکالمے تھے اور مجھے رونا بھی تھا، لیکن کئی ٹیک دینے کے باوجود میں رو نہیں پا رہا تھا۔
اداکار نے مزید کہا کہ میں ان لوگوں میں سے ہوں جنہیں گلیسرین استعمال کرنے سے آنکھوں میں شدید خارش ہوتی ہے، اس لیے میں اس کا استعمال بھی نہیں کر سکتا تھا۔
رعید کے مطابق نعمان بھائی نے مجھ سے پوچھا، کیا تمہیں رونے میں مشکل ہو رہی ہے؟ میں نے ہاں میں جواب دیا، جس پر انہوں نے اچانک مجھے زور سے تھپڑ مار دیا اور کہا اب بچہ اچھا روئے گا۔ میں نے ان سے کہا، نعمان بھائی، یہ تو بہت زور کا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے باوجود میں اپنے سینئر فنکاروں کا بے حد احترام کرتا ہوں۔
رعید محمد عالم کا کہنا ہے کہ ہمارے سینئرز احترام کے مستحق ہیں۔ انہوں نے ہمیں بہت کچھ سکھایا اور نعمان بھائی نے بھی مجھے اداکاری کے حوالے سے بے شمار چیزیں سکھائیں۔