• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اڑیسہ: ایشوریہ رائے کا گانا 8ویں جماعت کی کتاب میں شامل کرنے پر تنازع کھڑا ہوگیا

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

بھارتی ریاست اڑیسہ میں 8 ویں جماعت کی نصابی کتاب میں بالی ووڈ کے مشہور گانے ’نمبوڑا نمبوڑا‘ کے بول شامل کیے جانے کے بعد ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ گانا 8 ویں جماعت کی آرٹ ایجوکیشن کی نصابی کتاب ’کیرتی‘ میں شامل کیا گیا ہے، جسے بھارت کی قومی تعلیمی پالیسی 2020ء کے تحت تیار کیا گیا تھا۔

نصابی کتاب میں مشہور بالی ووڈ فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کے گانے ’نمبوڑا نمبوڑا‘ کے بول بطور راجھستانی لوک گیت شامل کیے گئے ہیں۔ یہ گانا بلاک بسٹر فلم میں ایشوریہ رائے اور سلمان خان پر فلمایا گیا تھا جو کہ 1999ء میں ریلیز ہوئی تھی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جیسے ہی نصابی کتاب کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو لوگوں نے اڑیسہ کے ثقافتی اور لوک ورثے کو فروغ دینے کے بجائے بالی ووڈ فلموں کے گانوں کو نصابی کتاب میں شامل کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

رپورٹ کے مطابق اڑیسہ کے وزیراعلیٰ موہن چرن ماجھی اور وزیر تعلیم نتیانند گونڈ نے اس معاملے پر فوری کارروائی کا حکم دے دیا اور ریاست کی کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (ایس سی ای آر ٹی) کے سینئر عہدیداروں کو بھی معطل کر دیا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ریاستی حکومت نے ایس سی ای آر ٹی کے 6 اہلکاروں کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا حکم دیا ہے اور اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی انکوائری کمیٹی قائم کی ہے جس کے بعد کمیٹی نے مستقبل کی نصابی کتب کے جائزے کے عمل کو مضبوط بنانے اور اسی طرح کی غلطیوں کو روکنے کے لیے ایک کوالٹی اشیورنس سیل قائم کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید