پاسپورٹ کی مدت 10 سال، فیس آدھی کرنے کا اعلان

December 08, 2021

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے پاکستانی پاسپورٹ کی مدت 10 سال اور فیس آدھی کرنے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالیں، چوروں، منی لانڈرز، ڈالر کا بحران پیدا کرنے والوں کی لابی کے خلاف ایکشن لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر کنٹریکٹ ملازم کو مستقل کرنے کا اختیار نہیں رکھتا، پاکستانی مشنز میں پاسپورٹ کا عملہ واپس نہیں آتا تو فارغ کر دیا جائے، نئے افسر جائیں گے، ایف آئی اے میں 3 سال سے زائد ڈیوٹی دینے والوں کا ٹرانسفر کر دیا ہے۔

شیخ رشید نے بتایا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد 2 پاسپورٹ اور 2 شناختی کارڈ رکھنے والے صرف 1 رکھ سکیں گے، غلط شناختی کارڈ دینے والوں کے خلاف بہت بڑا ایکشن لینے والے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ نادرا کے عملے کے خلاف یہ ایکشن کراچی، گھوٹکی اور سکھر میں ہو گا اور کسی جگہ شناختی کارڈ کے غلط اجراء کی اطلاع ملی تو وہاں بھی ایکشن کریں گے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ افغانستان کے ساتھ طورخم اور چمن پر بارڈر مینجمنٹ بہتر طریقے سے ہو رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 15 اگست کے بعد طورخم بارڈر سے 1 لاکھ 69 ہزار افغانی آئے، 66 ہزار چلے گئے۔

شیخ رشید کا یہ بھی کہنا ہے کہ طورخم بارڈر سے آنےوالوں میں 18 ہزار افغانی پاکستان سے باہر گئے، چمن بارڈر سے صرف 5 ہزار افراد آئے۔